
طویل عرصے سے زیر التوا مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے۔حریت کانفرنس سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے حوالے سے ذمہ داریاں پوری کی جائیں
سری نگر : حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ جنوبی ایشا میں رہنے والے لوگوں خاص طور پر بدترین بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کے وسیع تر مفاد میں یہ انتہائی ناگزیر ہو چکا ہے کہ طویل عرصے سے زیر التوا مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے۔حریت کانفرنس کے ورکنگ وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ ا گرچہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ جنگ بندی کی تصدیق کر دی ہے لیکن اس نے اس کی آڑ میں بیگناہ کشمیریوں کے خلاف تشدد اور طاقت کے وحشیانہ استعمال کی ایک نئی لہر شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز اہلکار مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں جاری محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران لوگوں کو بدترین مظالم، تذلیل اور جسمانی تشد د کا نشانہ بنا رہے ہیں۔غلام احمد گلزار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کی فسطائی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف وزیوں کی تازہ لہر اور بدترین ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں اور بھارت پر دبائو ڈالیں کہ وہ جموںوکشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں اور وعدے پورے کرے۔