اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کا احتجاجی مظاہرہ، عالمی برادری تنازعہ کشمیر حل کرائے، مقررین

اسلام آباد20جنوری : کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے گاﺅکدل قتل عام کی برسی کے تناظر میں اور حریت رہنماﺅں بشمول و خواتین کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کے خلاف اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مظاہرے میں حریت کانفرنس کے نمائندوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔انہوں نے ”کشمیر بنے گا پاکستان، گو انڈیا گو بیک ،ٹیرراسٹ ٹیررسٹ انڈیا ٹیررسٹ ،ٹیررسٹ ٹیررسٹ مودی ٹیرراسٹ "کے فلگ شگاف نعرے لگائے۔مقررین نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت فوج ایک طرف مقبوضہ علاقے میں انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے جبکہ دوسری طرف کنٹرول پر بھی جارحیت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض بھارتی فوج نوجوانوں کو قتل ،خواتین کی عصمت دری اوراملاک تباہ کر رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کیلئے منظم انداز میں کشمیریوں کی نسل کشی کی جارہی ہے۔مقررین نے عالمی برادری سے اپیل کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی مظالم رکوانے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار اداکرے۔