
قومی کپتان بابراعظم شاندار بلے باز کے بعد اینکر بھی بن گئے
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ورلڈکپ میں بیٹنگ کے ساتھ ساتھ اینکرنگ کے بھی گر دکھانے لگے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے آخری گروپ میچ میں اسکاٹ لینڈ کو شکست دینے کے بعد بابراعظم نے سابق کپتان آل راؤنڈر شعیب ملک کا انٹرویو کیا
بابراعظم نے شعیب ملک سے گزشتہ روز کے میچ میں دی جانے والی بہترین کارکردگی اور کھیل کی حکمت عملی سے متعلق سوال کیا جس کے جواب میں شعیب کا کہنا تھا کہ جب میں کھیل کے لیے پچ پر آیا تو آپ (بابر اعظم ) موجود تھے جنہوں نے اچھا فیڈ بیک دیا۔
دوران انٹرویو شعیب نے بابراعظم کے ساتھ دوران میچ بہترین کمیونیکیشن کو بھی سراہا۔
نئے کھلاڑیوں کو کیا مشورہ دینگے؟ بابر کا شعیب سے سوال
نئے کھلاڑیوں کو مشورے سے متعلق پوچھے جانے والے سوال پر شعیب ملک نے کہا کہ کسی بھی کھلاڑی کے لیے ضروری ہے کہ سب سے پہلے یہ دیکھے کہ ٹیم کی ضرورت کیا ہے، ساتھ ہی آخری کے 4 سے 5 اوورز میں ڈاٹ بال نہ کھیلے، صورتحال کے مطابق رنز بناتے رہیں کیوں کہ آپ 4 اوور میں آرام سے 45 سے 50 رنز بناسکتے ہیں۔
اس دوران بابراعظم نے تسلیم کیا کہ اسکاٹ لینڈ کے ساتھ میچ مشکل ہوگیا تھا لیکن شعیب ملک نے میچ کا اختتام بہترین کیا۔
قومی کپتان نے اس دوران مداحوں سے سیمی فائنل جیتنے کے لیے تعاون کی درخواست بھی کی۔