’ویل ڈن بیوی‘، وسیم کے شنیرا کے نام پیغام پر صارفین کے دلچسپ تبصرے

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آسٹریلیا کی فتح پر ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا تو صارفین بھی خاموش نہ رہ سکے۔

سابق کپتان نے آسٹریلیا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ چیمپئن بننے کے لائق تھے، وسیم اکرم نے اپنی اہلیہ شنیرا کو بھی مخاطب کیا اور کہا کہ ویل ڈن بیوی۔

تاہم سوشل میڈیا صارفین جو ہر وقت ٹرولنگ کی تاک میں رہتے ہیں، انہوں نے وسیم اکرم کو نہ بخشا اور مضحکہ خیز تبصرے پیش کیے۔

ایک صارف نے وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ کو مینشن کیا اور ہنستے ہوئے لکھا کہ یہ بھی ٹھیک ہے، سسرال میں ورلڈ کپ آگیا۔

عمران افضل نامی صارف نے وسیم اکرم کی ٹوئٹ پر کہا کہ وسیم بھائی مبارک ہو بیوی کو کہنا تھا اور ویل ڈن آسٹریلیا کی ٹیم کو کہنا تھا۔

علی سکندر نامی صارف نے دلچسپ تبصرہ پیش کیا اور لکھا کہ سب چھوڑو، آج دنیا میں ایک بیوی تو خوش ہوئی جب کہ صارف نے آسانی کیلئے خصوصی طور پر شنیرا اکرم کیلئے اپنا ٹوئٹ انگریزی زبان میں بھی لکھا۔

ایک صارف نے کہا کہ سر سارے ورلڈکپ آسٹریلیا نے ہی جمع کرنے ہیں اپنے گھر میں، جب دل کرتا ہے اٹھا کے لے جاتے ہیں۔

ایک اور ٹوئٹر صارف نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ آج سب کو معلوم ہو گیا کہ وسیم کی طرح سسرالی ملک کی کامیابی کا کریڈٹ بھی بیوی کو ہی جاتا ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں آسٹریلیا نے یکطرفہ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دی اور پہلی مرتبہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی  کے چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا۔