سری نگر ہائی سیکورٹی زون میں فائرنگ ، نوجوان زخمی ترال سے تین اورکویت سے واپسی پر نوجوان گرفتار

سری نگر : غیرملکی سفارتکاروں کی سری نگر میں موجودگی کے دوران ہائی سیکورٹی زون میں  فائرنگ ہوئی ہے ۔اقوام متحدہ فوجی مبصر آفس سونہ وار کے قریب نا معلوم افراد نے 25سالہ آکاش مہرہ نامی تاجر پر فائرنگ کی۔،جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا اور اسے فوری طور پر صدراسپتال منتقل  کر دیا گیا۔واقعے  کے فورا بعد پولیس اور فورسز نے اس پورے علاقے کو محاصرے میں لیکرحملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ۔سونہ وار ہائی سیکورٹی زون کہلاتا ہے جس کے قریب 100فٹ کے فاصلے پر یو این او آفس ہے۔  ترال میں  فورسز نے شفقت احمد،ماجد محمدبٹ اورعمر رشیدوانی نامی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔پولیس اسٹیشن ترال میں  نوجوانوں پر عسکریت پسندی کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ ادھر عسکریت پسند تنظیموں سے  تعلقات کے الزام میں ایک نوجوان شیر علی کو جموں ائیرپورٹ پر کویت سے واپسی پر گرفتار کر لیا گیا۔