نیشنل فرنٹ کی نعیم خان اور دیگر مزاحمتی رہنماﺅں کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی مذمت

سرینگر 16جنوری : بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ” نیشنل فرنٹ “ نے تنظیم کے چیئرمین نعیم احمد خان اور دیگر مزاحمتی رہنماﺅں اور کارکنوں کی مقبوضہ علاقے اور بھارت کی مختلف جیلوں میں مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نیشنل فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی تحقیقاتی ادارے ”نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی “ ( این آئی اے) نے نعیم احمد خان اور دیگر حر یت رہنماﺅں کو جولائی 2017میں گرفتار کرنے کے بعد نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں منتقل کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نعیم احمد خان اور دیگر رہنماﺅںکے علاوہ کئی خواتین رہنماﺅں کو من گھڑٹ مقدمات میں مسلسل نظر رکھا جا رہا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ نعیم احمدخان کئی طرح کے عوارض میں مبتلا ہیں لیکن اسکے باوجود انہیں نظر بند رکھ کر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی عدلیہ بھی نظر بند کشمیری رہنماﺅں کو درپیش ابتر صورتحال کے حوالے سے کوئی آواز نہیں اٹھا رہی جو کشمیریوں کے تعیں اسکے متعصبانہ رویے کا عکاس ہے۔ ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیری سیاسی نظر بندوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے۔