بھارت مقبوضہ جموںوکشمیر میں اپنے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے انعقاد کا کوئی حق نہیں رکھتا، خواجہ فردوس

سرینگر 16جنوری : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے کہا ہے کہ بھارت نے جموںوکشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضہ جما رکھا ہے لہذ اوہ مقبوضہ علاقے میں اپنے یوم جمہوریہ کی تقریات کے انعقاد کا کوئی حق نہیں رکھتا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے یوم آزاد ی اور یوم جمہوریہ کے موقوں پر نام نہاد سیکورٹی اقدامات کے نام پر نہتے کشمیریوں کے خلاف اپنی چیرہ دستوں میں تیزی لاتا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق خواجہ فردوس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں نے بھارتی قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کیا لہذا انکا اسکے یوم جمہوریہ یا یوم آزادی سے کوئی لینا دینا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جسے وہ مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔انہوںنے جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظر بند حریت رہنماﺅں ، کارکنوں اور نوجوانوں کی حالت زار پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔خواجہ فردوس نے کہا کہ نظر بندوں کیساتھ جیلوں میں ناروا سلوک روا رکھا جا رہا ہے اور انہیں طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔انہوںنے برطانوی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ہونے والے مباحثے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ برطانیہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے گا۔ انہوںنے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیے جانے تک خطے مین پائیدار امن ممکن نہیں۔ خواجہ فردوس نے عالمی برادری سے اپیل کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔