
مسئلہ کشمیر کا کشمیریوں کی خواہشات کے منافی حل ہرگز دیر پاثابت نہیں ہوگا، صمد انقلابی
سرینگر 16جنوری : بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں اسلامی تنظیم آزاد ی کے چیئرمین عبدلصمدانقلابی نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیرکا کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی حل ہرگز دیر پاثابت نہیں ہو سکتا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ تنازعہ کشمیر اب تک حل نہ ہونے کی وجہ سے کشمیری بے انتہا مشکلات و مصائب کا شکار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت ، پاکستا ن اورکشمیریوں کے درمیان مذاکراتی عمل شروع کیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری 26جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ پر مکمل ہڑتال کر کے ایک مرتبہ پھر بھارت کو باور کرائیں گے کہ وہ اپنی سرزمین پر اسکے غیر قانونی قبضے کو تسلیم نہیں کرتے۔ عبدالصمد انقلابی نے اسلام آباد میںمنعقدہ پاکستان ، آذربائیجان اور ترکی کے وزرائے خارجہ کے دوسرے سہ فریقی اجلاس کے دوران تنازعہ کشمیرکے بارے میں ترک وزیر خارجہ میولت چاش اوغلوکے دلیرانہ اور جرات مندانہ بیان کا خیرمقدم کیا۔اسلامی تنظیم آزادی کے چیئرمین نے برطانوی پارلیمنٹ میں ہونے والی اس بحث کو بھی خوش آئند قرار دیا جس میں بھارت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ غیر قانونی طورپر اپنے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں تمام پابندیاں ختم کرے اور میں مقیم برطانوی ہائی کمیشنر کو صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے مقبوضہ علاقے کے دورے کی اجازت دے۔ انہوںنے کہا کہ برطانیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ تنازعہ کشمیرکے حل کیلئے عملی اقدامات کرے۔