عالمی طاقتیں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کریں، جاوید میر

سرینگر05 مارچ : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں حریت رہنما جاوید احمد میر نے کہا ہے کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے لہذا عالمی طاقتوں کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے کے پر امن حل کیلئے کردار ادا کریں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جاوید احمد میر نے سرینگر کے علاقے ڈلگیٹ میں ایک تعزیتی اجلاس سے اپنی تقریر میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کی طرف سے کنٹرول پر جنگ بندی ایک احسن اقدام ہے ۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں جو ایک روز ضرور رنگ لائیں گی۔ جاوید احمد میر نے کہا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے پورے مقبوضہ علاقے میں محاصروں اور تلاشی کی کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس وقت آزادی پسند رہنماﺅں ، کارکنوں سمیت ہزاروںکشمیری مقبوضہ علاقے اور بھارت کی جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ محمد یاسین ملک ، محمد اشرف صحرائی، شبیر احمد شاہ ، مسرت عالم بٹ ، آسیہ اندرابی، محمد قاسم فکتو، ایڈووکیٹ شاہد الاسلام نعیم احمد خان ، فاروق احمد ڈار، الطاف احمد شاہ ، نذیر احمد شیخ اور دیگر نظر بند مزاحمتی رہنماﺅں اور کارکنوں کی رہائی کیلئے اپنی آواز بلند کریں۔