ایس حمید وانی کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقید ت
سرینگر 18اپریل (کے پی این) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مزاحمتی رہنما شہید ایس حمید وانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا جنہیں قابض بھارتی فوج نے 18اپریل 1998کو ان کے آبائی شہر سرینگر میں شہید کر دیا تھا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے آج شہید وانی کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عظیم رہنماء تھے جن کی زندگی اور قربانیاں مقبوضہ خطے کے ہر حریت پسند کے دل میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما نعیم احمد خان نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں ایس حمیدوانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کشمیر کاز کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری عوام کے قتل اور گرفتاریوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام سے روکنے کے لیے آگے آئے۔ شہید قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے والوں میںغلام محمد خان سوپوری ، عبدالاحد پرہ،جمیل احمد ، پروفیسر توقیر احمد ، کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر کے کنوینرمحمود احمد ساغر، محمد فاروق رحمانی ،الطاف حسین وانی ، الطاف حسین وانی،شیخ یعقوب، اعجاز احمد شاہ،زاہد اشرف اور جموںوکشمیر پیپلز لیگ شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہید قائد ایک بے باک شیر تھے جنہوں نے اپنی شہادت تک مادر وطن پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف جدوجہد کی۔