مولانا فضل الرحمان کے خلاف نیب تحقیقات میں اہم پیش رفت

پشاور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمان کے خلاف تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، نیب نے مولانا کے مزید 5ساتھیوں کو طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو خیبرپختونخوا نے مولانا فضل الرحمان کے مزید پانچ ساتھیوں کو طلب کرلیا ہے۔ نیب انکوائری کے لیے 16دسمبر کو پشاور دفتر میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کردیا گیا۔

مولانا کے ساتھیوں میں عبدالرؤف، ابراراحمد، محمدجلال، دین محمد اور ابرارعلی شاہ شامل ہیں۔ ان افراد کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت سے ہے۔

مولانا فضل الرحمان کے خلاف نیب تحقیقات میں اہم پیش رفت

خیال رہے کہ نیب میں مولانافضل الرحمان کے خلاف زائداثاثے اور کرپشن کی انکوائری جاری ہے۔

اس سے قبل خبیرپختونخوا نیب مولانافضل الرحمان کے دو قریبی ساتھیوں گل اصغر اور نور اصغر کو بھی طلب کرچکا ہے۔ یاد رہے کہ رواں سال ستمبر میں قومی احتساب بیورو نے آمدن سے زائد اثاثہ کیس میں مولانا فضل الرحمان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور اس حوالے سے مختلف امور پر تفتیشی ٹیم تحقیقات کررہی ہے۔