نیوزی لینڈ میں موجود قومی ٹی 20 اسکواڈ آکلینڈ پہنچ گیا

آکلینڈ: پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کوئنز ٹاؤن سے آکلینڈ پہنچ گیا، قومی ٹیم کل سے ٹریننگ کا آغاز کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں موجود قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کوئنزٹاؤن سےبذریعہ پرواز آکلینڈ پہنچا، اسکواڈ کل سےآکلینڈ میں ٹریننگ شروع کرےگا، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی20میچ اٹھارہ دسمبرکو آکلینڈ میں کھیلا جائےگا۔

قومی ٹیم کو کیویز کے خلاف سیریز سے قبل دھچکا لگا ہے ، بابر اعظم انگوٹھے میں فریکچر ہونے کے سبب سیریز سے باہر ہوگئے، عبداللہ شفیق کی جگہ بابر کو اوپننگ کرنا تھی لیکن اب اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ عبداللہ شفیق کے ساتھ وکٹ کیپر محمد رضوان کو اوپننگ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان کے اننگز کا آغاز کرنے کا قومی امکان ہے، وہ 28 سالہ عبداللہ شفیق کے ساتھ اوپننگ کرنے میدان میں اتریں گے، عبداللہ شفیق نے زمبابوے کے خلاف ڈیبیو میچ میں 41 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تھی۔

دوسری جانب اوپنر ذیشان ملک کی اسکواڈ میں شمولیت کا امکان ہے، ذیشان نے جمعے کے روز انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ میں شاندار نصف سنچری اسکور کی تھی۔اس کے علاوہ پہلے ٹی 20 میچ میں لیگ اسپنر شاداب خان کی شمولیت کی فٹنس پر مشروط ہے، اگر شاداب فٹ ہوجاتے ہیں تو وہ ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:  آئسولیشن پریڈ کیسے گزارا؟ کرکٹر شان مسعود نے بتادیا

ذرائع کے مطابق اگر شاداب ان فٹ رہے تو محمد رضوان کپتانی کے مضبوط امیدوار ہیں، محمد رضوان نے نیشنل ٹی 20 کپ میں خیبرپختونخوا کی قیادت کی تھی۔

پی ایس ایل فائیو میں کراچی کنگز کو چیمپئن بنوانے والے عماد وسیم اور آل راؤنڈر محمد حفیظ کے نام بھی کپتانی کے زیر غور ہیں۔