فضل الرحمن وفد کے ہمراہ آج مریم نواز اور لیگی قائدین سے ملاقات کریں گے

اہور:جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن وفد کے ہمراہ آج مریم نواز اورلیگی قائدین سے ملاقات کریں گے جس میں پی ڈی ایم کے مستقبل کے لائحہ عمل پر بات ہوگی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےپاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن وفد کے ہمراہ آج مریم نواز شریف اورمسلم لیگ (ن) کے قائدین سے رائے ونڈ میں ملاقات کریں گےاورپاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی۔ڈی۔ایم) کے سربراہ کے طورپر مولانا فضل الرحمن کی مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے یہ پہلی ملاقات ہے جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف اور پارٹی کے دیگر رہنما موجود ہوں گے جبکہ جمعیت علماءاسلام (ف) کے اہم قائدین بھی ملاقات میں شرکت کریں گے۔ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور پی ڈی ایم کے مستقبل کے لائحہ عمل پر بات ہوگی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ملاقات میں سلیکٹڈ حکومت کی شہبازشریف کی گرفتاری اور دیگررہنماوں پر غداری کے مقدمات پر تبادلہ خیال ہوگا جبکہ پی ڈی ایم کے جلسوں اور دیگر سرگرمیوں پر مشاورت ہوگی۔

ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمن اور ان کے وفد کو مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کی جانب سے عشائیہ بھی دیا جائے گا۔