سانحہ بلدیہ کیس : زبیر چریا، رحمان بھولا نےسزائے موت کوسندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

کراچی : سانحہ بلدیہ کیس کے سزا یافتہ ملزمان زبیر چریا اور رحمان بھولا نے سزائے موت کیخلاف سندھ ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کردیں جس میں عدالتی فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ بلدیہ کیس کے سزا یافتہ ملزمان نے سندھ ہائی کورٹ میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی جانب سے 22 ستمبر کو دی جانے سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر کردی ہیں ۔ سزا کیخلاف اپیل دائر کرنے والے مجرمان میں زبیر چریا، رحمان بھولا، علی محمد، فضل محمد، شاہ رخ اور ارشد محمد شامل ہیں ۔  ملزمان نے اپیلوں میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اے ٹی سی  نے  فیصلہ کرتے ہوئے  اہم شواہد کو نظر انداز کیا ہے ،  لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ خصوصی عدالت کا 22 ستمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ 22 سمتبر کو اپیلیں دائر کرنے والے ملزمان رحمان عرف بھولا زبیر عرف چریا کو انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 264 مرتبہ سزائے موت سنائی تھی جبکہ  دیگر چاروں ملزمان کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی  گئی ۔ عدالت نے ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی سمیت چار ملزمان کو عدم شواہد کی بنا پر بری کردیا تھا۔
یاد رہے کہ بلدیہ ٹاون میں واقع فیکٹری کو 11 ستمبر 2012 کو بھتہ نہ دینے پر آگ لگائی گئی تھی۔ جس کے باعث 259 جھلس کرجاں بحق ہوگئے تھے اس مقدمے میں 768 گواہوں کے نام شامل کیے گئے جبکہ 400 سے زائد گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے  تھے ۔