ایڈمرل امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی کمان سنبھال لی

اسلام آباد: ایڈمرل امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی کمان سنبھال لی۔ایڈمرل امجد خان نیازی پاک بحریہ کے 22ویں سربراہ ہیں۔

پاک بحریہ میں کمانڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جہاں پاک بحریہ کے سبکدوش ہونے والے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ایڈمرل امجد خان نیازی کو پاک بحریہ کی کمان سونپی۔ایڈمرل امجد خان نیازی پاک بحریہ کے 22ویں سربراہ ہیں۔
کمان کی تبدیلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سبکدوش ہونے والے ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کے نئے سربراہ امجد نیازی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ امجد خان نیازی کو تعیناتی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،ذمے داریاں احسن طریقے سے نبھانے پر اللہ تعالیٰ کا شکرگزارہوں۔2سال کے دوران خطے میں بہت سے چیلنجز دیکھے،ہمیں سکیورٹی سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا ہے،پاک بحریہ کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں،پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت پر بھرپور توجہ دی،4چینی فریگیٹ آئندہ 2 برس میں پاک بحریہ میں شامل ہوں گے، پی این ایس یرموک پاکستان نیوی کا حصہ بن گیا ہے اور پی این ایس ہیبت کی کیمیشننگ رواں سال کے آخر میں ہوگی۔گوادرمیں بحری اڈہ قائم کیا جا رہاہے، میرین ٹریننگ سینٹر کراچی سے گوادر منتقل کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے 1985 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا،آپ نے کمیشننگ کے موقع پر پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی شمشیر حاصل کی،آپ متعدد کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں،وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کمانڈانٹ پاکستان نیوی وار کالج لاہور، کمانڈر پاکستان فلیٹ اور کمانڈر کراچی کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں، آپ چیف آف دی نیول اسٹاف کے پرنسپل سیکرٹری، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ ایوالیو ایشن) اور ڈائریکٹر جنرل نیول انٹیلیجنس کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔

وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات اور بہادری کے اعتراف میں آپ کوہلالِ امتیاز (ملٹری) اور ستارہ بسالت سے نوازا جا چکا ہے،آپ کو حکومت فرانس کی جانب سے شیویلئے (نائٹ) میڈل سے بھی نوازا جا چکا ہے۔