قابض انتظامیہ کی طرف سے ہراساں کئے جانے کیخلاف وادی کشمیرمیںمقیم کشمیری پنڈتوں کااحتجاجی دھرنا

سرینگر غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموںوکشمیر میں وادی کشمیرمیں مقیم کشمیری پنڈتوں نے قابض انتظامیہ کی طرف سے کشمیری پنڈتوں کو ہراساں کئے جانے کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا جبکہ کشمیر پنڈت سنگرش سمیتی کے صدر سنجے ٹکو نے تادم مرگ بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کشمیری پنڈت جنہوں نے مقبوضہ کشمیر کے جگ موہن سنگھ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے وادی کشمیرمیں قیام کو ترجیح دی تھی نے کہاہے کہ بھارتی حکومت انہیں گزشتہ سال 5اگست کو جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے خا ص طورپر نشانہ بنا رہی ہے ۔

سنجے ٹکو نے بھوک ہڑتال شروع کرنے کے بعد کہاکہ قدرتی آفات سے نمٹنے ، بحالی اور تعمیر نو کا محکمہ کشمیر میں مقیم غیر مہاجر کشمیری پنڈتوں کو کشمیر میں مسلسل اپنا قیام جاری رکھنے پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ دفعہ 370 اور 35Aکی منسوخی کے بعد سے ہمیں محکمے کی طرف سے شدید مشکلات کا سامنا ہے اور کشمیری پنڈتوں کو ہراساں کیاجارہا ہے ۔ کشمیری پنڈتوں نے گنیش مندر ، گن پتیارحبہ کدال میں احتجاجی دھرنا بھی دیا۔ اس وقت 800 سے زیادہ غیر مہاجر پنڈت خاندان وادی کشمیرمیں مقیم ہیں۔