بھارت آسیہ اندرابی اور دیگر کشمیری حریت رہنمائوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہا ہے، صمد انقلابی

سرینگر (کے پی آئی) مقبوضہ جموںوکشمیر میں اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیرکے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور انکی ساتھیوں فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کے خلاف من گھڑٹ الزامات کے تحت سنگین نوعیت کے مقدمات کے اندراج کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوںکو بڑے پیمانے پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنا یا جا رہا ہے۔ عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت حریت رہنمائوں اور کارکنوں کو عمر بھر کیلئے قیدخانوں میں رکھنے کیلئے اپنی عدلیہ کو استعمال کر رہا ہے جس کی وجہ سے بھارتی عدلیہ کی ساکھ شدید متاثر ہو رہی ہے۔ عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ آسیہ اندرابی اور دیگر نظر بند کشمیری آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوںکو تہاڑ اور دیگر جیلوں میں بہیمانہ سلوک کا نشانہ بنا یا جا رہا ہے اور انہیں تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔انہوںنے  قوام متحدہ، انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ آسیہ اندرابی سمیت غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیری حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔