پیر پنجال فریڈم موومنٹ کی بھارت کی مسلسل ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت

اسلام آباد  جموںو کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی مسلسل ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے وائس چیئرمین قاضی محمد عمران نے اسلام آباد میں جاری بیان میں کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں مسلمان اکثریت کو ختم کرنے کے لیے آئے روز کشمیری عوام کا قتل عام کر رہا ہے۔

انہوںنے اقوام متحدہ اور انصاف کے عالمی اداروں پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میںبھارت کی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں۔ قاضی عمران نے کہا بھارت کشمیری عوام کو زبان اور علاقائی بنیادوںپر تقسیم کرنے کی کوشش کررہا ہے اورکشمیری عوام کو متحد ہو کر اس سازش کو ناکام بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا بھارت چاہے کچھ بھی کر لے کشمیری عوام بھارت سے آزادی کے سوا کوئی حل قبول نہیں کریں گے۔انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام کو متحد ہو کر جدوجہد آزادی کو جاری رکھنا ہو گا اور بھارتی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ قاضی عمران نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب بھارت جموںو کشمیر سے ذلیل و رسواہو کر نکلے گا۔