شناختی کارڈ اور اقامے سے متعلق سعودی حکومت کا اہم اعلان

ریاض : سعودی حکام کا کہنا ہے کہ قومی شناختی کارڈ یا اقامہ رہن رکھنا منع ہے، کوئی بھی سعودی یا مقیم غیرملکی کسی بھی ادارے یا فرد کے یہاں رہن کے طور پر شناختی کارڈ یا اقامہ رکھنے کا مجاز نہیں، ایسا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت داخلہ کے ماتحت محکمہ احوال مدنیہ کی جانب سے تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی حالت میں اپنا قومی شناختی کارڈ رہن کے طور پر نہ رکھیں جو ایسا کرے گا اس سے باز پرس ہوگی۔

محکمہ احوال مدنیہ نے جمعرات کو آگہی مہم کے تحت جاری پیغام میں کہا ہے کہ قومی شناختی کارڈ اور اقامہ سرکاری دستاویز ہے اسے کسی بھی ادارے کے یہاں رہن رکھنا منع ہے۔

یاد رہے کہ سعودی قانون کے بموجب شناختی کارڈ رہن رکھنے پر 5 ہزار ریال تک جرمانہ ہوسکتا ہے، محکمہ پاسپورٹ بار بار تنبیہ کرتا رہتا ہے کہ کوئی بھی غیرملکی اقامہ کارڈ جسے ھویہ مقیم کہا جاتا ہے کسی کے یہاں بھی رہن کے طور پر نہیں رکھا جاسکتا، ایسا کرنے پر باز پرس ہوگی۔