تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق فیصلے کیلئے قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب

اسلام آباد: ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق حتمی فیصلے کے لیے قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزارت تعلیم نے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبوں نے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کی سفارش کی ہے اور تجویز دی گئی ہے کہ پہلے مرحلے میں 15 ستمبر سے نویں سے اوپر کلاسز کو کھولا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ صوبوں نے تجویز دی ہے کہ 23 ستمبر سے چھٹی سے آٹھویں جماعت کی اجازت دی جائے اور آخری مرحلے میں 30 ستمبر سے پانچویں تک کی کلاسز کو کھولا جائے۔

قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس طلب

دوسری جانب بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کے بعد قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس آج شام طلب کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا جس کی سربراہی وزیراعظم عمران خان کریں گے جب کہ وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا، معاونین، سول اور عسکری حکام اجلاس میں شریک ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کورونا کی موجودہ صورتحال کا جائزہ اور تعلیمی ادارے کھولنے کے معاملے کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد قومی رابطہ کمیٹی تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق فیصلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ عالمگیر وبا کورونا وائرس کے پاکستان میں پھیلنے کے بعد سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے تقریباً 6 ماہ سے بند ہیں تاہم اب ملک میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیے جانے کے بعد تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔