ایٹمی ہتھیاروں کا تحفظ : پاکستان کی پوزیشن بھارت سے بہتر قرار

واشنگٹن : نیوکلیئرسیکیورٹی انڈیکس رپورٹ میں پاکستان نے بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا، پروگرام کے تحفظ سے متعلق درجہ بندی میں پاکستان33،بھارت38ویں نمبر پر ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیوکلیئر تھریٹ انیشی ایٹو نے پاکستان کو ایٹمی ہتھیاروں کیلئے محفوظ ملک قرار دیا اور پاکستان کی درجہ بندی میں 7پوائنٹس کا اضافہ کردیا، ایٹمی ہتھیاروں کو محفوظ بنانے والے ملکوں میں پاکستان کی پوزیشن میں نمایاں بہتری آئی ہے.

نیوکلیئر سیکیورٹی انڈیکس رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت میں موازنہ کیا جائے تو پروگرام کے تحفظ سے متعلق درجہ بندی میں پاکستان33،بھارت38ویں نمبرپر ہے۔

این ٹی آئی انڈیکس کے مطابق گلوبل نارمزکیٹیگری میں بھی پاکستان کاپلس ون درجہ بڑھا ہے جبکہ ایٹمی ہتھیاروں کے تحفظ میں پاکستان نے بھارت کو پچھاڑ دیا، پاکستان کے مقابلے میں بھارت 6پوائنٹس پیچھے رہ گیا۔

عالمی رپورٹ کے مطابق اثاثوں کے تحفظ سے متعلق درجہ بندی میں پاکستان19،بھارت20ویں نمبر پر ہے، تنصیبات کے تحفظ کے لحاظ سے پاکستان پوائنٹس میں بھارت سے بھی آگے ہے، بھارت کے41کے مقابلے میں پاکستان کے47پوائنٹس کے ساتھ بہتر پوزیشن پر ہے۔

این ٹی آئی نیوکلیئر سیکیورٹی انڈیکس کی رپورٹ کے مطابق نئے ضوابط سے پاکستان نے ایٹمی ہتھیاروں کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا، جوہری ہتھیاروں کے تحفظ کی عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا سرفہرست ہے۔

امریکا میں پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے این ٹی آئی نیوکلیئرسیکیورٹی انڈیکس کی رپورٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو نیوکلیئر سیکیورٹی اقدامات پر بہتر ملک قرار دیا گیا ہے