مقبوضہ کشمیر میں اسمبلی میں مسلم نشستوں کو کم کرنے کے بھارتی منصوبے سے خطے کا امن متاثر ہو گا،

بھارت پہلے ہی مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے کئی غاصبانہ اقدامات کر رہا ہے،راجہ مشتاق احمد منہاس

مظفر آباد  مسلم لیگ ن کے چیف آرگنائزر وزیر اطلاعات ،سیاحت ،سپورٹس و امور نوجوانان راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں اسمبلی میں مسلم نشستوں کو کم کرنے کے بھارتی منصوبے سے خطے کا امن متاثر ہو گا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت پہلے ہی مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے کئی غاصبانہ اقدامات کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بائیس اضلاع میں قائم کیمپوں میں روزانہ کی بنیاد پر 500 ڈومیسائل کا اجراء کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ناپاک منصوبے کے تحت مسلم اکثریتی ضلع راجوری میں 94 ہزار اور ضلع ڈوڈہ میں 82 ہزار سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو اس صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہیے اور اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کے لیے بھارت پر دبائو بڑھانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے تمام تر غاصبانہ اقدامات کے باوجود کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں اور وہ انہیں حاصل کر کے رہیں گے۔انہوں نے کہا بھارت تمام تر حربوں کے باوجود کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے میں مکمل ناکام ہو چکا ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنے مشن میں کامیاب ہو جائیں گے۔