مقبوضہ کشمیر میں بھارتی خفیہ نیٹ ورک کومزید متحرک اورفعال بنانے کا فیصلہ بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ کی صدارت میں اعلی سطحی اجلاس میں فیصلہ

نئی دہلی() بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھارتی فورسز کو حکم دیا ہے کہ جموں وکشمیر میں عسکریت پسندی کے خلاف مشترکہ کارروائیوں میں مزیدتیزی لائی جائے اوروہاں خفیہ نیٹ ورک کومزید متحرک اورفعال بنایا جائے ۔ بھارتی اخبار کے مطابق  وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو نئی دہلی میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی اور جموں و کشمیر کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ سرینگرمیں 2 اساتذہ کے قتل کے بعد یہ اجلاس طلب کیا گیا تھا۔ اجلاس میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول ، ہوم سیکرٹری اجے بھلہ ، ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو اروند کمار ، بارڈر سیکورٹی ڈائریکٹر جنرل پنکج سنگھ ، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف ) کے چیف کلدیپ سنگھ اور وزارت داخلہ کے دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اینٹی ڈرون حکمت عملی اور جموں و کشمیر اور ملک کے دیگر حصوں سے منسلک دیگر سیکورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سوشل میڈیا کے استعمال کی منصوبہ بندی کرنے والے عسکریت پسندوںاور دیگر بڑے مسائل کو بھی زیر بحث لایاگیا۔ میٹنگ کے دوران امت شاہ نے مرکزی داخلہ سیکریٹری سے کہاکہ جموں وکشمیر بالخصوص وادی کی تازہ صورتحال کے بارے میں وہاں کی حکومت سے ایک تفصیلی رپورٹ طلب کی جائے اوراس بات کویقینی بنانے کی ہدایت دی جائے کہ شہری ہلاکتوںکے واقعات پرفوری روک لگائی جائے ۔میٹنگ کے دوران امت شاہ نے سیکورٹی ایجنسیوںکے اعلی حکام سے کہاکہ جموں وکشمیرمیں  عسکری   سرگرمیوں کاقلع قمع کرنے کیلئے مشترکہ کارروائیوں میں مزیدتیزی لائی جائے اوروہاں خفیہ نیٹ ورک کومزید متحرک اورفعال بنایا جائے ۔