نیول چیف کا اہم دورہ قطر

کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد نیازی قطر کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے اپنے ہم منصب سے ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی قطر کے سرکاری دورہ پر پہنچ گئے، دوحہ نیول بیس پہنچنے پر کمانڈر قطر امیری نیول فورسز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ اس موقع پر نیول چیف کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، انہیں قطری بحریہ کی استعداد کار پر بریفنگ بھی دی گئی۔ نیول چیف نے قطر آرمڈ فورسز کے چیف آف اسٹاف سے اہم ملاقات بھی کی۔

ترجمان کے مطابق نیول چیف نے کمانڈر قطر امیری ایئر فورس سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ دفاعی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ نیول چیف نے سمندری تحفظ اور امن کے لیے پاک بحریہ کے عزم کو اجاگر کیا، میزبان نے بھی خطے کی بحری سیکیورٹی یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار کی تعریف کی۔

سربراہ پاک بحریہ نے قطر کی مختلف بحری تنصیبات کا بھی دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف کا دورہ دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے تعلقات کو فروغ دے گا۔