شاہد آفریدی بھی کراچی کی صورت حال پر پھٹ پڑے

کراچی کو کچراچی بنانے والوں کے گریبان پر ہاتھ کون ڈالے گا؟ :سابق کپتان

کراچی  قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی بھی کراچی کی صورت حال پر پھٹ پڑے۔ سوشل میڈیا پر #WhoWillSaveKarachi کے ہیش ٹیگ کے ساتھ کراچی میں بارش کے بعد کے حالات کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ’’کراچی کے حالات پر اب چپ رہنا، مجرمانہ خاموشی ہے، دل خون کے آنسو روتا ہے۔ شاہد آفریدی نے کے الیکٹرک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صبح سے لائٹ نہیں ہے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، گلیاں پانی سے بھر گئیں اور لوگ ڈوب رہے ہیں، گٹر ابل رہے ہیں اور کچرا بستیاں نگل رہا ہے، لوکل و صوبائی حکومتیں مکمل ناکام ہو چکی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بھی اپنے بچپن میں اس شہر کو ایسے ہی تباہ ہوتے دیکھا تھا اور شرم آتی ہے کہ اب ہمارے بچے بھی اس کی بربادی کے گواہ ہیں! سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر، ملک کا سب سے بڑا اور سب سے زیادہ ریونیو دینے والا شہر، انتظامیہ کی سب سے بڑی ناکامی ثابت ہوچکا ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ کاش دنیا کے کسی میٹروپولیٹن سے ہی سیکھ لیں، مصنوعی جھیلیں بنالیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیا یہ ہمارا قصور ہے کہ رہنے کے لیے اس شہر کا انتخاب کیا، یہاں ٹیکس دیتے ہیں لیکن بدلے میں انتظامیہ کون سی ذمہ داری پوری کرتی ہے؟ کراچی کو کچراچی بنانے والوں کے گریبان پر ہاتھ کون ڈالے گا؟‘‘۔