
آرمی چیف کی کراچی میں فلڈ ریلیف آپریشن تیز کرنے کی ہدایت
مشکل کی گھڑی میں فوجی دستے ہر صورت متاثرہ عوام تک پہنچیں، شہریوں کی ہر ممکن مدد کی جائے، جنرل قمر جاوید باجوہ
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق کراچی میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، پاک فوج کی ٹیمیں انتظامیہ کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کا کام بھی جاری ہے۔گزشتہ روز میں گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے بعد شہر میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی تھی ، مختلف علاقوں میں نالے ابل پڑے تھے اورگندا پانی گھروں میں داخل ہوگیا تھا۔
سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کررہی تھیں۔این ڈی ایم اے کے مطابق پاک فوج کی13ریلیف اینڈریسکیوٹیمیں نکاسی کیلئے متحرک ہیں، سرجانی ٹائون میں ایک گھنٹے میں170ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث سرجانی ٹائون کے اطراف پانی کے تیز بہائو سے حب کینال میں شگاف پڑگیا۔صورتحال پرقابوکیلئے پاک آرمی کے جوان امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں ، احتیاطی تدابیراپناتے ہوئے حب کینال کے گیٹ بھی بندکردئیے گئے ہیں اور انجینئرزکی ٹیم نے حب کینال کی مرمت کا آغازکردیا ہے۔