امریکا کا ایران کیخلاف پابندیاں بحال کرنےکیلئے اقوام متحدہ کو خط

امریکا نے  ایران کےخلاف پابندیاں بحال کرنےکے لیے اقوام متحدہ کو خط لکھ دیا۔

امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے یورپی ممالک پر آیت اللہ کاساتھ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایران پر پابندیاں بحال کرنے لیے جو کچھ ہوسکتا ہے کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کابیلسٹک میزائلوں کا تجربہ عراق، یمن اور شام کے امن کےلیے خطرہ ہے، امریکا ایران کو میزائلوں کی تیاری سے روکنے کے اقدامات کرے گا۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نے ایران کےخلاف پابندیاں بحال کرنےکے لیے اقوام متحدہ کو لکھے گئے امریکی خط کا خیر مقدم کیا ہے جب کہ تین اہم یورپی ملکوں فرانس، برطانیہ اور جرمنی نے امریکی مطالبے کی مخالفت کی ہے۔

یاد رہے کہ 2018 میں ایران اور امریکا کے درمیان صورتحال اس وقت کشیدہ ہوئی جب صدر ٹرمپ نے یکطرفہ طور پر ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان طے شدہ جوہری معاہدہ توڑا۔

اس کے علاوہ دونوں ممالک میں اس وقت کشیدگی مزید بڑھ گئی جب رواں سال 3 جنوری کو امریکا نے فضائی حملے میں عراق (بغداد) میں ایران کے جنرل سلیمانی کو ساتھیوں سمیت نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے، اس واقعے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان صورتحال خطرناک حد تک کشیدہ ہے۔