مری گلیات میں سیاحوں کی دردناک اموات پر شہباز شریف اور بلاول کا اظہار افسوس

مری اور گلیات میں شدید برفباری اور سیاحوں کے رش کے باعث بدترین ٹریفک جام میں پھنس کر گاڑیوں میں ہونے والی اموات پر قائد حزب اختلاف شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ مری اور گلیات میں ٹریفک میں پھنسی گاڑیوں میں شہریوں کی اموات انتظامی نااہلی اور مجرمانہ غفلت ہے، یہ حکومت کی انتظامی صلاحیت کا عالم ہےکہ ٹریفک انتظامات کرنے کے قابل بھی نہیں ہے۔

شہباز شریف نے سوال کیا کہ جب شہری پھنسے ہوئے ہیں تو انہیں محفوظ مقامات تک پہنچانے کی کوشش کیوں نہ کی گئی؟ حکومت ایک ہزار گاڑیوں کے انتظام کی بھی صلاحیت نہیں رکھتی تو اسے اقتدار میں رہنے کا کیا حق ہے؟ اگرسیاح اتنی بڑی تعداد میں مری جا رہے تھے تو حکومت کو کیوں پتہ نہ چلا؟ انتظامیہ کہاں سوئی ہوئی تھی؟ پیشگی انتظامات کیوں نہ کیے گئے؟

ان کا کہنا تھا کہ جو حکومت رش میں پھنسے شہریوں کو نہیں بچا سکتی وہ مہنگائی کی دلدل سے عوام کو کیسے نکال سکتی ہے؟ جو حکومت ایک ہزار گاڑیوں کا مسئلہ حل نہیں کر سکتی وہ ملک کے بڑے مسائل سے کیونکر نمٹ سکتی ہے؟