حریت کانفرنس کامسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کی حمایت کرنے پر پاکستان کا شکریہ بھارتی نیوز چینلز حریت کانفرنس سے منسوب جھوٹی خبروں کی تشہیر کررہے ہیں ۔ ترجمان حریت

سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس( میرواعظ) نے تمام بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کی حمایت کرنے پر پاکستان  کا شکریہ ادا کیا ہے ۔حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسیاں  ایک سازش کے تحت  کشمیریوں کی مقدس تحریک کو بدنام کر نا چاہتی ہیں  ۔ اس سلسلے میں بھارتی نیوز چینلز پر حریت سے منسوب جھوٹی خبروں کی تشہیر کا مقصد کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل اور بھارتی فوج کی طرف سے آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششوںسے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے جھوٹی خبریں پھیلانے والے کشمیری عوام کے بدترین دشمن ہیں جنہیں یہ احساس ہی نہیں کہ بھارت کیا کر رہا ہے۔ ترجمان نے  اِن افواہوں کو غلط اورگمراہ کن قراردیا ہے جن میں کہا  گیا  ہے کہ میرواعظ مولوی عمرفاروق کی سربراہی والی حریت کے کچھ رہنما نئی دہلی میں بھارتی حکومت سے اپنی پالیسیوں کی معافی اور معذرت طلب کرتے ہیں۔ایک بیان میں حریت نے لوگوں کو ان شرپسندوں اور ایجنسیوں سے ہوشیاررہنے کی تلقین کی جو بھارتی میڈیا کے توسط سے ایسی غلط اور گمراہ کن افواہیں پھیلا نے میں مصروف ہیں ۔بیان میں حریت نے اپنے موقف کااعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا بھارت پاکستان اور کشمیری عوام کے مابین ایسے پرامن مذاکرات کے ذریعے حل نکالاجاسکتا ہے جو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہو۔ بیان میں یہ بات زور دیکر کہی گئی کہ عوامی امنگوں اور جذبات کی ترجمانی اور جموںوکشمیر کے حدود میں بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں کیخلاف آواز بلند کرنے کی پاداش میں حریت چیرمین میرواعظ عمر فاروق کو گزشتہ ڈیڑھ سال سے مسلسل غیر قانونی اور جابرانہ طور پر نظر بند رکھا گیا ہے جو انصاف پسند اقوام و ممالک اوربین الاقوامی برادری کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔