
بھارت جعلی خطوط کے ذریعے حریت کانفرنس اور جدوجہد آزادی کو بدنام کرنا چاہتا ہے ، حریت کانفرنس
سرینگر بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے میںناکامی کے بعد اب جدوجہد آزادی اور حریت قیادت کو بدنام کرنے کیلئے بزرگ کشمیری حریت رہنماء سیدعلی گیلانی کے نام سے منسوب جعلی خطوط جاری کرنے کے اوچھے اور غیر اخلاقی ہتھکنڈے استعمال کر رہاہے تاکہ پاکستان اور سیدعلی گیلانی کے درمیان خلا پیدا کرنے کے علاوہ حریت قیادت اور جدوجہد آزادی بدنام کیاجاسکے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ ان جعلی خطوط کا مقصد حریت کانفرنس سے وابستہ آزادی پسند جماعتوں کے درمیان انتشار اور بے یقینی کی فضا پیدا کرنابھی ہے ۔
حریت ترجمان نے کہاکہ کشمیری عوام کبھی بھی مذموم عزائم رکھنے والے لوگوں کو معاف نہیں کریں گے جو تحریک آزادی کے بھیس میں اس گھنائونی سازش میں بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں ۔
ا نہوںنے کہاکہ یہ جعلی خطوط سیدعلی گیلانی کی مسلسل گھر میں نظربندی ، علالت اور پیرانہ سالی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جاری کئے جارہے ہیں ۔ انہوںنے واضح کیاکہ بھارت اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا اور حریت کانفرنس اس طرح کے دبائو سے مرعوب ہو کر اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی ہرگز ترک نہیں کرے گی۔ حریت ترجمان نے کہاکہ بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ پوری کشمیری قوم کل جماعتی حریت کانفرنس کے ساتھ کھڑی ہے اور حریت کانفرنس مشکل کی اس گھڑی میں کشمیری قوم کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور سیدعلی گیلانی کی زندگی کواپنا رہنما اور رول ماڈل بناتے ہوئے جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھے گی ۔