کراچی، وھیل چئیر پر بیٹھی مریضہ پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئی

وھیل چئیر پر بیٹھی خاتون پولیو کی مریضہ تھیں،بارش کے پانی کی وجہ سے زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھیں

کراچی  کراچی میں وھیل چئیر پر بیٹھی پولیو کی مریضہ پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں بارشوں نے ہر طرف تباہی مچا دی ہے، شہر میں بارش کا نصف صدی کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا، ،مختلف واقعات میں 23 افراد جان کی بازی ہار گئے،کچھ افراد کی اموات آسمانی بجلی گرنے سے ہوئیں،ایک اور افسوسناک واقعے میں پولیو کی مریضہ بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔بتایا گیا ہے کہ جمعرات کو پاکستان ایمپلایز کو آپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کراچی میں شدید بارش کے باعث گھر میں پانی بھرنے کے بعد وھیل چئیر پر بیٹھی پولیو کی ایک خاتون مریضہ ڈوبنے کے سبب اپنی زندگی سے ہی ہاتھ دھو بیٹھی۔خاتون کی لاش کو ریسکیو اہلکاروں نے اسپتال پہنچایا۔

یہ واقعہ کراچی شرقی ضلع میں بارش کے پانی سے میٹرو پولیٹن کے رہائشی علاقوں میں طغیانی کے بعد پیش آیا۔

خیال رہے کہ کراچی میں بارشوں نے ہر طرف تباہی مچا دی ہے،مختلف واقعات میں 23 افراد جان کی بازی ہار گئے، شہر میں بارش کا نصف صدی کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا، رواں ماہ اب تک 442 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے، 53 سال پہلے جولائی 1967 میں کراچی میں 429 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔ کراچی میں بارش کا سلسلہ جمعرات کی صبح شروع ہوا جو وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا۔ شہریوں کے گھر ڈوب چکے ہیں اور اب تو بارش کے پانی نے پوش علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔کئی علاقوں میں بجلی بھی غائب ہے،بجلی کی عدم فراہمی اور بارشوں سے شہر میں موبائل فون سروس بھی متاثر ہوئی ہے۔کچھ علاقوں میں موبائل سگنل آ رہے ہیں،کچھ میں نہیں جب کہ متعدد علاقوں میں تو بجلی 24 گھنٹوں سے بند ہے۔ موبائل فون ٹاورز کو بجلی نہیں مل رہی،جنریٹر سے ایندھن ختم ہو چکا ہے۔