اعلیٰ سول ایوارڈ کیلئے نامزد ہونے پر علی ظفر مشکور

صدر پاکستان عارف علوی کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر سول ایوارڈز کا اعلان کیا گیا جس میں پاکستانی گلوکار علی ظفر کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

صدر مملکت نے 24 شخصیات کے لیے ستارہ شجاعت، 27 کے لیے ستارہ امتیاز جب کہ 44 شخصیات کے لیے صدارتی تمغہ حسن کارکردگی کا اعلان کیا ہے اور تمام شخصیات کو ایوارڈز 23 مارچ کو دیے جائیں گے۔

اعلیٰ سول ایوارڈز کے لیے پاکستان انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی اداکارہ بشریٰ انصاری، مایہ ناز صوفی گلوکارہ عابدہ پروین، سکینہ سموں، ہمایوں سعید اور گلوکار علی ظفر کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

اس موقع پر گلوکار علی ظفر نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر  جس میں وہ مزار قائد پر کھڑے ہوئے ہیں۔

علی ظفر نے اپنی تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ‘انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے  پرائیڈ آف پرفارمنس  ایوارڈ سے نوازا گیا ہے، وہ اپنے شائقین کی جانب سے ملنے والے اس پیار کے ہمیشہ مقروض رہیں گے، وہ اللّٰہ کے عاجزی اور انکساری کے ساتھ شکر گزار ہیں’۔

گلوکار  کو  پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ کے لیے نامزدگی پر مداحوں اور شوبز انڈسٹری کی جانب سے مبارکباد بھی دی جا رہی ہیں۔