اداکارہ فضا علی متعدد افراد سے اپنی شادیاں کرانے کی خبروں پر برہم

اداکارہ و میزبان فضا علی نے سوشل میڈیا پیجز اور یوٹیوب چینلز کی جانب سے متعدد افراد سے اپنی شادی کی جھوٹی خبریں پھیلانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایسے لوگوں کو خدا کا خوف کرنے کی ہدایت کردی۔

فضا علی نے انسٹاگرام پر تین منٹ سے زائد دورانیے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے افواہیں پھیلانے والے افراد سے سوال کیا کہ انہیں دوسروں کی عزت اور زندگی خراب کرنے سے کیا ملتا ہے؟

اداکارہ ویڈیو میں یوٹیوب چینلز اور سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے اپنی شادیوں کی جھوٹی خبروں پر بات کرتی دکھائی دیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ افواہیں پھیلانے والے کبھی ان کی شادی زرداری صاحب سے کرا دیتے ہیں تو کبھی وزیر اعظم عمران خان کو ان کا شوہر بنا دیتے ہیں؟

فضا علی کے مطابق ان سے متعلق افواہیں پھیلانے والے کبھی ان کی شادی عامر لیاقت سے کرا دیتےہیں تو کبھی ان کہا جاتا ہے کہ اداکارہ نے نکاح پر نکاح کرلیا۔

اداکارہ نے کہا کہ یہ خبریں بھی پھیلائی جاتی ہیں کہ فضا علی نے طوبیٰ عامر کے سامنے عامر لیاقت سے شادی کرلی تو کبھی انہیں ذیشان روکھڑی کی دلہن بنا دیا جاتا ہے۔

ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ کبھی ان کی شادی گلوکار سجاد علی کے ساتھ کرائی جاتی ہے اور دعویٰ کیا جاتا ہے کہ گلوکار کی پہلی اہلیہ نے اداکارہ کو شوہر کی دوسری کے طور پر قبول کرلیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایسے بیانات بھی چلائے جاتے ہیں کہ فضا علی نے کہا ہے کہ ان کے شوہر سجاد علی اچھے والد بھی ہیں۔

فضا علی نے سوال کیا کہ انہوں نے ایسے بیانات کب دیے اور وہ کیوں ایسا کہیں گی؟

اداکارہ نے جھوٹی خبریں پھیلانوں والوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ شادی شدہ ہیں یا نہیں؟ وہ ان کا ذاتی مسئلہ ہے، دوسرے لوگ ان سے متعلق ایسی باتیں کرنا بند کریں اور وہ رشتے کرانے والی آنٹیوں کا کردار بھی ادا نہ کریں۔

انہوں نے ویڈیو کے کیپشن میں بھی افواہیں پھیلانے والوں سے سوال کیا کہ انہیں ایسا کرنے سے کیا ملتا ہے؟

فضا علی نے سب کو اپیل کی کہ وہ دوسروں سے متعلق کوئی بھی بات یا دعویٰ کرنے سے پہلے سوچا کریں اور تحقیق کرنے کے بعد بات کہیں۔