آرمی چیف اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

پاکستان میں کورونا صورتحال اور انسداد پولیو مہم کے دوبارہ آغاز پر بات چیت، کورونا وائرس کے خلاف کامیابی قومی حکمت عملی کے نتیجے میں ممکن ہوئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

اسلام آباد  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، دونوں کے درمیان کرونا وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی اور پولیو مہم کی بحالی پر گفتگو ہوئی۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں بل گیٹس نے قومی انسداد پولیو مہم میں پاک آرمی کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کی صحت کی بہتری کیلئے پولیو مہم میں پاکستان سے تعاون جاری رکھیں گے۔

آرمی چیف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم قومی کاز ہے، پاکستان کو پولیو فری بنانے کی قومی کوشش کا حصہ ہیں۔ کامیاب مہم کا سہرا موبائل ٹیمز، صحت عامہ اور سیکیورٹی اداروں کے سر ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق گفتگو میں انسداد پولیو مہم کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی پر بھی بات ہوئی

بل گیٹس نے کرونا وائرس پر قابو پانے کی پاکستان کی کامیاب حکمت عملی کو بھی سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کم وسائل کے باوجود کامیابی سے کرونا وائرس پر قابو پایا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف کامیابی قومی حکمت عملی کے نتیجے میں ممکن ہوئی، این سی او سی کے ذریعے قومی حکمت عملی کا اطلاق یقینی بنایا گیا۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا، کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے اٹھائے گئے موثر اقدامات پر مائیکروسافٹ کے بانی کی جانب سے پاکستان کی خصوصی تعریف کی گئی۔بتایا گیا ہے کہ اس رابطے کے دوران دونوں رہنماوں کے درمیان کرونا وائرس کی صورتحال اور پولیو کے خاتمے کیلئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بل گیٹس کو بتایا گیا ہے کہ پاکستان موثر اور دور اندیش پالیسیوں کی وجہ سے کرونا وائرس پر قابو پانے میں کامیاب رہا۔ حکومت کے بروقت اقدامات کی وجہ سے صحت اور معیشت کے شعبہ کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا۔ اس دوران بل گیٹس فاونڈیشن کی جانب سے بھی کیے گئے تعاون کی وجہ سے پاکستان کو کافی فائدہ حاصل ہوا۔ گفتگو کے دوران بل گیٹس نے کہا کہ کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ جبکہ پاکستان میں پولیو کیخلاف مہم کا دوبارہ آغاز بھی خوش آئندہ ہے۔