سید علی شاہ گیلانی کا پہلا یوم شہادت پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام”  یوم بابائے حریت ” کے طور پر منایا گیا

مظفرآباد ( 1 ستمبر ) تحریک آزادی جموں کشمیر کے مزاحمتی لیڈر جدوجہد کے سرخیل، بابائے حریت شہید سید علی شاہ گیلانی کا پہلا یوم شہادت پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام”  یوم بابائے حریت ” کے طور پر منایا گیا۔ سینکڑوں شہریوں کی شرکت شہید کے حق میں فلک شگاف نعرے۔

بابائے حریت شہید سید علی گیلانی کی جلائی ہوئی شمع تا صبح آزادی روشن رکھیں گے، بھارت کشمیر کی مزاحمت کو تاقیامت بھی نہیں کچل  سکتا، مقررین کے” یومِ بابائے حریت ” ریلی سے خطابات

تفصیلات کیمطابق بھارت کے زیر قبضہ جموں کشمیر میں صف اوّل کے مجاہد آزادی، کشمیری عوام کے دلوں کی دھڑکن ، مزاحمتی تحریک کے سرخیل شہید سید علی شاہ گیلانی کے پہلے یوم شہادت کو دارالحکومت میں پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام” یوم بابائے حریت” کے طور پر منانے کیلئے برہان وانی شہید چوک میں ایک بڑی عوام تقریب  اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں بزرگوں، بچوں، جوانوں سیمت خواتین نے بھی شرکت کی۔ شہریوں نے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر شہید سید علی گیلانی کے اقوال درج تھے جبکہ بینرز پر شہید گیلانی کیلئے خراج عقیدت کے جملے درج تھے۔ ریلی میں شریک شہری گیلانی تیری شہادت سے، گورو تیری شہادت سے، برہان تیری شہادت سے مقبول و صحرائی تیری شہادت سے انقلاب آئے گا کہ فلک شگاف نعرے بلند کر رہے تھے۔ "یوم بابائے حریت” ریلی سے سابق وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر، وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد، چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی ، مولانا عبدالعزیز علوی، کل جماعتی حریت کانفرنس کے ممبر داؤد خان، جماعت اسلامی کے رہنما لطیف عباسی، چیئرمین مہاجرین ماسٹر یوسف بٹ، حریت رہنما مشتاق الاسلام  ،ڈائریکٹر کشمیر لبریشن کمیشن راجہ سجاد لطیف خان، شوکت جاوید میر، جاوید احمد مغل، حزب کمانڈر محمد اعظم غازی، تاجر راہنما عبدالرزاق خان، راجہ نثار احمد شائق، راجہ سجید خان، محمد عامر ، عثمان علی ہاشم، یاسر نقوی اور بلال احمد فاروقی نے خطاب کیا۔ جبکہ شمشیر خان، مشتاق احمد بٹ، ماجد احمد شیخ، اقبال اعوان، چوہدری مشتاق ، اقبال یاسین، چوہدری فیروز دین، علی محمد بٹ، عبدالحمید لون، سردار جاوید اور نشاد احمد بٹ نے خصوصی شرکت کی۔ مقررین نے یوم بابائے حریت ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بابائے حریت سید علی گیلانی کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ریاست جموں کشمیر کے عوام کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے لازوال جدوجہد کی ۔ سید علی گیلانی کی قربانیوں کو کشمیری قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ "یوم بابائے حریت” ریلی سے خطاب میں مقررین کا مزید کہنا تھا کہ سید علی گیلانی شہید کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی پوری قوم اپنی ریاست کی آزادی کیلئے انکے مشن کو جاری رکھے گی۔ مقررین نے کہا کہ شہید سید علی شاہ گیلانی بھارتی فوجی قبضے کیخلاف مزاحمت کے عظیم علمبردار کے طور پر ہمیشہ ثابت قدم رہے، بھارت کا ظلم اور سامراجی ہتھکنڈے انہیں جھکانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ مقررین نے کہا کہ بابائے حریت نے بھارت کے غیر قانونی فوجی قبضے کیخلاف جدوجہد میں 16 برس قید اور 12 سال کی سخت ترین نظر بندی کاٹی قائد نے شہادت قبول کرلی لیکن بھارت کے سامنے سر نگوں نہیں کیا۔ سید علی گیلانی نے مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے سامراجی قبضے کو ایک لمحے کیلئے بھی قبول نہیں کیا۔ شہید گیلانی نے بھارت کے ظلم، جبر اور دہشتگردی کا مقابلہ ایک مجاہد کی طرح کیا انہیں آزادی اور حق خودارادیت کے مطالبے سے دستبردار کرنے کی تمام بھارتی کوششیں ناکام رہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی مقبوضہ ریاست میں اسلامیان کشمیر اور پاکستان کے سچے عاشق اور بے باک ترجمان تھے۔  آج سید علی گیلانی کے پہلے یوم شہادت پر کشمیری عوام انہیں خراج عقیدت پیش کرکے اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ بھارتی قبضے کیخلاف آزادی تک مزاحمت جاری رہے گی۔  بابائے حریت کی عظیم ، انتھک اور لازوال جدوجہد ہمارے لیئے مشعل راہ ہے۔ پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام”یوم بابائے حریت” کے موقع پر سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے برہان وانی چوک تا گھری پن چوک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ شرکاء کے سید علی گیلانی، اشرف صحرائی، برہان وانی، مقبول بٹ، افضل گورو اور دیگر شہداءکے حق میں فلک شگاف نعرے بازی ۔۔