ترک صدر کا پاکستانیوں کی محبت میں اردو میں ٹویٹ

پاکستان کے اور پاکستان کے عوام کے ساتھ گہرے اور دیرینہ تعلقات کے پیش نظر میں ذاتی طور پر اور ترک قوم کی جانب سے سلام محبت پیش کرتا ہوں۔ طیب اردگان کا ٹویٹ

استنبول  ترک صدر طیب اردگان نے پاکستانیوں کی محبت میں اردو میں ٹویٹ کیا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ برادر ملک پاکستان کے 73ویں یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ ترک صدر نے مزید کہا کہ پاکستان کے اور پاکستان کے عوام کے ساتھ گہرے اور دیرینہ تعلقات کے پیش نظر میں ذاتی طور پر اور ترک قوم کی جانب سے سلام محبت پیش کرتا ہوں۔طیب اردگان کے ٹویٹ پر پاکستانیوں کی جانب سے محبت کا اظہار کیا گیا جب کہ کئی صارفین نے جوابی ٹویٹس میں ان کا شکریہ ادا اور اس قدر محبت کا اظہار کرنے پر انہیں دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

قبل ازیں پاکستان کے یوم آزادی کی آمد پر سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے صدر مملکت عارف علوی کے نام خصوصی پیغام بھیجا گیا ۔
دونوں رہنماوں کی جانب سے صدر مملکت کے نام 2 علیحدہ پیغامات بھیجے گئے۔ شاہ سلمان اور ان کے صاحبزادے محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کو یوم آزادی کی مبارکباد دی گئی ہے۔ دونوں رہنماوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم اور پاکستان ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرے۔ واضح رہے کہ سعودی فرمانروا اور ولی عہد کی جانب سے صدر مملکت کے نام جشن آزادی کی مبارکباد کا پیغام ایک ویسے وقت میں بھیجا گیا ہے جب گزشتہ کچھ روز سے دونوں ممالک کے تعلقات میں کچھ مسائل پیدا ہو جانے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔یاد رہے پاکستان میں کل یوم آزادی بھرپور جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ یوم آزادی کے سلسلے میں رواں برس کرونا وائرس خدشات کے باعث زیادہ بڑے پیمانے پر تقریبات نہیں ہوں گی، تاہم عوام کی سطح پر یہ دن ہمیشہ کی طرح بھرپور جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ یوم آزادی کے سلسلے میں ملک بھر کی شاہراہوں، اہم عمارتوں اور گھر گھر کو ہری جھنڈیوں، جھنڈوں اور روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے۔