مقبوضہ کشمیر میں یوم آزادی پاکستان کے پوسٹرز لگ گئے

ٴْحریت رہنماوں اور دیگر جماعتوں کا 14 اگست کو بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا اعلان پاکستان کے یوم آزادی کو وادی میں یوم تشکر کے طور پر منایا جائے،سید علی گیلانی

سرینگر  مقبوضہ کشمیر میں یوم آزادی پاکستان کے پوسٹرز لگ گئے۔ کشمیر میڈیا رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے یوم آزادی کو جشن آزادی کے طور پر منانے کے پوسٹرز لگ گئے ، کٴْل جماعتی حریت کانفرنس، حریت رہنما ئوں اور دیگر جماعتوں نے 14 اگست کو بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا اعلان کیا ہے۔
پوسٹرز پر چودہ اگست جشن آزادی کے ساتھ "ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہی” کی تحریر درج ہے، پوسٹرز میں بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ اور ہم کیا چاہتے آزادی کی تحریر بھی درج کی گئی ہے۔حریت رہنما سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق نے کشمیری عوام سے بھارت کے یوم آزادی 15 اگست کو ہمیشہ کی طرح یوم سیاہ کے طور پر منانے اور اس دن وادی میں مکمل ہڑتال کی اپیل بھی کی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے یوم آزادی کو وادی میں یوم تشکر کے طور پر منایا جائے۔