سام سنگ اور ایپل کی حکمرانی ختم ہو گئی

چین کی اسمارٹ فون بنانے والی کمپنی ہواوے سام سنگ کو شکست دے کر دنیا کی سب سے بڑی اسمارٹ فون کمپنی بن گئی ہے۔

ریسرچ فرم کینالیس کے ڈیٹا کے مطابق ہواوے نے رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں مجموعی طور پر 5کروڑ 58 لاکھ اسمارٹ فون فروخت کیے جب کہ اسی عرصے میں سام سنگ کے فروخت کیے گئے اسمارٹ فونز کی تعداد 5 کروڑ 37 لاکھ رہی۔

ہواوے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس مشکل ترین وقت میں بھی ان کے کاروبار نے ترقی کا مظاہرہ کیا ہے اور معاشی سست روی اور چیلنجز کے باوجود ہماری ترقی کا سفر جاری رہا ۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں عالمی سطح پر ہواوے کی فروخت میں 27 فیصد کمی ہوئی ہے تاہم چین کے اندر ہواوے نے سبقت برقرار رکھی اور 70 فیصد کے لگ بھگ اسمارٹ فون مقامی مارکیٹ میں فروخت کیے۔

یاد رہے کہہواوے اس وقت 5 جی ٹیکنالوجی سسٹم کی تیاری میں دنیا بھر میں سبقت لیے ہوئے ہے اسی لیے امریکا اس کے شدید خلاف ہے۔

یہی وجہ ہے کہ امریکا اور برطانیہ کی جانب سے سیکیورٹی اور پرائیویسی کے خدشات کی وجہ سے مسلسل ہواوے پر پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔

via geo news