یونان میں پیش آنے والا دلخراش سانحہ پاکستان اور آزادکشمیر کے حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے ڈاکٹر خالد محمود

راولاکوٹ() جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ یونان میں پیش آنے والا دلخراش سانحہ پاکستان اور آزادکشمیر کے حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے ،حکمرانوں کی نا اہلی کے باعث بے روزگاری سے تنگ ہمارے نوجوان اس طرح کا خطرہ مول لیتے ہیں اور جان کی بازی ہاررہے ہیں،وسائل اور بجٹ ہونے کے باوجود با صلاحیت نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا نہ کرنا کرپٹ حکمرانوں کا وطیرہ بنا ہوا ہے،حکمران انسانی سمگلروں کوکیفرکردار تک پہنچائے تا کہ آئندہ اس طرح کے واقعات رونما نہ ہوسکیں،

ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ حکمران اس حادثے میں شہید ہونے والوں کی درست معلومات حاصل کر کے ان کے جسدخاکی کو وطن میں لائیں اور جو زخمی لاپتہ ہیں ان کی بازیابی کے لیے اقدامات کریں ،حکمران اس حادثے میں شہید ہونے والوں کو معقول معاوضے فراہم کرنے کا اہتمام کرے جن والدین کے لخت ہائے جگر شہید ہوئے ہیں ان کے دکھ میں ہم برابر کے شریک ہیں اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور ہمت عطا فرمائے ۔