مالی سال 20-2019 میں مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 8.1 فیصد کے برابر رہا

کراچی:  مالی سال 20-2019 میں مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 8 اعشاریہ ایک فیصد کے برابر رہا۔

وزارت خزانہ کے جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ مالی سال مالیاتی خسارہ 3 ہزار 376 ارب روپے رہا جبکہ مالی سال 19-2018 میں مالیاتی خسارہ 3 ہزار 444 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔

حکومت نے خسارے کو پورا کرنے کی خاطر مقامی اور بیرونی قرضوں کا سہارا لیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق گذشتہ مالی سال 2 ہزار 480 ارب روپے کے مقامی اور 869 ارب روپے کے بیرونی قرضے حاصل کیے گئے جبکہ مالی سال 19-2018 میں 3 ہزار 28 ارب روپے کا مقامی اور 417 ارب روپے کا بیرونی قرض لیا گیا تھا۔

گذشتہ مالی سال حکومت نے قرض و سود کی ادائیگی پر 2 ہزار 619 ارب روپے خرچ کیے جبکہ مالی سال 19-2018 میں قرض و سود کی ادائیگی پر 2 ہزار 91 ارب روپے خرچ ہوئے تھے۔

اس کے علاہ مالی سال 20-2019 میں دفاع پر 1213 ارب روپے خرچ ہوئے جبکہ مالی سال 19-2018 میں دفاع پر 1146 ارب روپے خرچ ہوئے تھے۔