بھارت مکمل طورپر ایک فاشسٹ ملک میں تبدیل ہو چکا ہے، مقررین

اسلام آباد25جون ( ) اسلام آباد میں منعقدہ ایک ویبنار کے مقررین نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی ذمہ داریوں سے بھارتی حکومت کی عدم تعمیل پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ”اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندوں کی مشترکہ مواصلات اوربھارت کی عدم تعمیل” کے عنوان سے ویبنار کا اہتمام کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز (کے آئی آئی آر) نے ورلڈ مسلم کانگریس کے تعاون سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 47 ویں اجلاس کے موقع پر کیا۔ ویبنار سے انسانی حقوق کے معروف کارکنوں ،سکالروں ، ماہرین تعلیم وقانون اور دنیا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے شہری حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ویبنار سے ڈاکٹر فرحان مجاہد ، بیرسٹر نادیہ سلام ، پروفیسر ڈاکٹر مہمت سکرو ، مارینا زکا ، Dr Haissan Bousaid ، ایڈووکیٹ جی این شاہین ،Giulia Ferreira DelGado ، معظم علی سندھو اور پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ اشرف نے خطاب کیا ۔ ویبنار کی نظامت کے فرائض کے آئی آئی آر کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے انجام دیے۔اس موقع پر مقررین نے بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندوں نے مقبوضہ علاقے میں ماورائے عدالت قتل، نظربندیوں ، تشدد ، محاصرے اور مواصلات کی ناکہ بندی کے حوالے سے بھارتی حکومت کے ساتھ اپنی سرکاری مواصلات کے ذریعے باقاعدگی سے آواز اٹھائی ہے اور اسے متنبہ کیا کہ جبر کی پالیسی انسانی حقوق کے عالمی اصولوں کے برخلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوںکی اقوام متحدہ کے ماہرین کی ایک ٹیم کے ذریعے تحقیقات ناگزیر ہے۔ مقررین نے 5 اگست 2019 کی غیر قانونی بھارتی کارروائیوں کے نتیجے میں مقبوضہ علاقے میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ زبرستی کے انضمام نے خطے کو غیر یقینی صورتحال ، انتشار اور ایک مستقبل تشدد کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ انہوںنے بھارتی اقدامات کو انتہائی تضحیک آمیزقرار دیتے ہوئے کہا کہ 370اور 35۔اے کی دفعات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ ریاست کے ڈومیسائل قانون میں کی جانے والی تبدیلیاں جنیوا کنونشنز اور کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ مقررین نے مقبوضہ جموں کشمیر میں عصمت دری کو ایک جنگی آلے کے طور پر استعمال کرنے پر بھی اپنے سخت غم و غصے کا اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ مودی دور حکومت میں بھارت مکمل طور پر ایک فاشسٹ ملک میں تبدیل ہوگیا ہے جہاں لوگوں کو بنیادی حقوق سے محروم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی حکومت کو ان جرائم کا ذمہ دار بنائے جنکا ارتکاب اسکی فورسز مقبوضہ جموںو کشمیر میں کر رہی ہیں۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کیلئے ایک جامع مذاکراتی عمل شروع کرنے پر بھی زور دیا۔