وادی میں کورونا بندشیں برقرار

سرینگر//وادی میں جمعہ کے پیش نظر کورونا بندشوں میں قدرے سختی دیکھنے کو ملی جبکہ مسلسل21ویں ہفتے بھی جامع مسجد سرینگر سمیت دیگر خانقاہوں اور بڑی مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی نہیں ہوسکی۔ کشمیر میں کورونا مثبت معاملات اور اموات کے نہ تھمنے والے سلسلے کو روکنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے نافذ کیا گیا لاک ڈائون تاحال برقرار ہے ۔ بندشوں اور پابندیوں کے سبب سرینگر میں ہو کا عالم ہے ۔جمعہ کو مسلسل 21 ویں ہفتے بھی بڑی مساجد ،خانقاہوں اور زیارت گاہوں پر جمعہ اجتماعات منعقد نہ ہوسکے ۔مرکزی جامع مسجد ،آثار شریف حضرتبل ،خانقاہ معلی اور زیارت گاہوں کے منبر ومحراب خاموش رہے ۔تاہم محلہ سطح کی چھوٹی مساجد میں مختصر اور طبی مشوروں وہدایات کے تحت لوگوں نے نماز جمعہ ادا کی ۔ائمہ مساجد نے جمعہ خطبہ کو مختصر رکھا اور لوگوں کو وبا سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنا نے پر زوردیا ۔اسی طرح کی صورتحال شمال وجنوب کے دیہات میں بھی دیکھنے کو ملی ،جہاں پر چھوٹی مساجد میںمعیاری عملیاتی طریقہ کار کو عملاتے ہوئے جمعہ کے مختصر اجتماعات منعقد ہوئے ۔سرینگر میں نجی گاڑیوںاور آٹو رکھشائوں کی آوا جاہی جاری رہی۔اس دوران وادی کے دیگر اضلاع  میں کہیں بندشیں سخت تو کہیں نرم ر ہیں ۔