مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو نسلی تطہیر کا نشانہ بنارہی ہے، غلام احمد گلزار

سرینگر 21دسمبر ( ) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔
غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قصاب مودی نے مقبوضہ علاقے کو قتل گاہ میں تبدیل کر دیا ہے جہاں بھارتی فوجی بے گناہ کشمیریوں کو روز قتل کر رہے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ طاقت کے گھمنڈ میں مبتلا مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں اپنے شیطانی ہندوتوا نظریے کو مسلط کرنے کے لیے ہر اوچھا ہتھکنڈہ استعمال کر رہی ہے۔۔ بھارتی فورسز کے خونخار اہلکار املاک کو تباہ و برباد کر رہے ہیں۔ حریت رہنماں اور عام لوگوں سمیت ہزاروں کشمیری من گھڑت مقدمات میں بھارتی جیلوں میں سڑ رہے ہیں۔ مختلف بہانوں سے آزادی پسند رہنمائوں کی جائیدادیں ضبط کی جا رہی ہیں۔ ان تمام جابرانہ طریقوں کا مقصد آزادی سے محبت کرنے والے کشمیریوں کو سر تسلیم خم کروانے پر مجبور کرنا ہے۔غلام احمد گلزار نے واضح کیا کہ تاریخ گواہ ہے کہ کسی بھی منصفانہ جدوجہد کو فوجی طاقت سے کچلا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب حق غالب آئے گا اور باطل فنا ہو گا اور کشمیری غلامی کے طوق کو توڑ دیں گے۔
غلام احمد گلزار نے کہا کہ موجودہ نازک صورتحال میں جب پورا مقبوضہ کشمیر جیل میں تبدیل ہو چکا ہے ، لاکھوں کشمیری مسلسل محاصرے میں ہیں اور وہ بھارتی بندوقوں کے سائے میں زندگی گزار نے پر مجبور ہیں، کشمیریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کے مکروہ چہرے کو پوری دنیا میں بے نقاب کرنے کی مہم شروع کریں۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں کے کردار کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ وہ عالمی برادری کو مقبوضہ علاقے کے لوگوں کی مشکلات سے آگاہ کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں گے۔غلام احمد گلزار نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر تنازعہ کشمیر کو بھر پور طریقے سے اٹھانے پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مودی کو گجرات کا قصائی کہہ کر کشمیریوں اور بھارتی مسلمانوں کے دل جیت لیے ہیں جنہیں ہندوتوا دہشت گردی کا سامنا ہے۔
دریں اثناکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما محمد سلطان بٹ نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو مقبوضہ جموں وکشمیرمیں اپنی ریاستی دہشت گردی بند کرنے پر مجبور کرے۔ انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھون گزشتہ روز شوپیاں میں شہید ہونے والے تین کشمیری نوجوانوں اور تحریک آزادی کشمیر کے دیگر شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی غیر واضح حمایت پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔