انسٹاگرام مسلسل آپ کے فون کا کیمرہ استعمال کر رہا ہے’

اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اکثر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور موبائل ایپس صارفین کی جاسوسی کرتے ہیں جب کہ فیس بک اور انسٹاگرام کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ صارفین کی آپس کی گفتگو پر بھی نظر رکھتے ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے ہمیشہ ہی سے ان باتوں کو مسترد کیا گیا ہے کہ وہ صارفین کے ڈیٹا کی جاسوسی نہیں کرتے۔

امریکی کمپنی ایپل نے اپنے نئے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 14 کو لانچ کرنے سے قبل اس کے بیٹا ورژن کو اس وقت ڈویلپرز کو جانچ کے لیے  دے دیا ہے۔

اس عمل کے دوران صارفین کے مشاہدے میں یہ بات آئی ہے کہ انسٹاگرام مسلسل ان کے کیمرہ تک رسائی حاصل کر رہا ہے چاہے وہ انسٹاگرام پر کیمرہ استعمال کر رہے ہوں یا نہیں۔

یعنی آسان الفاظ میں فیس بک کی ایپ انسٹاگرام صارف کی مرضی کے بغیر ان کے کیمرہ کو استعمال کرکے ان جاسوسی میں ملوث ہے۔

اس خبر کے بعد انسٹاگرام نے تسلیم کیا ہے کہ اس کی ایپ کیمرہ استعمال کر رہی ہے مگر اس کا دعویٰ کیا ہے کہ ایک بگ یعنی "غلطی” ہے جسے وہ نئی ایپ اپ ڈیٹ میں ٹھیک کردیں گے۔

انسٹاگرام کا کہنا ہے کہ ہم آپ کے کیمرے تک رسائی صرف تب حاصل کرتے ہیں جب آپ ہمیں بتاتے ہیں، ہم نے آئی او ایس میں ایک بگ پایا ہے جسے بہت جلد ٹھیک کردیا جائے گا۔

دوسری جانب آئی او ایس 14 بیٹا نے رازداری سے متعلق بہتری بھی کی ہے جس کے بعد کوئی بھی ایپ اگر صارفین کے ڈیٹا کی رسائی حاصل کر رہی ہوگی تو ڈیوائس صارف کوفوراً بتا دے گی۔

یہی وجہ ہے کہ یہ انسٹاگرام  کی یہ جاسوسی پکڑی گئی ہے تاہم ابھی اس کی تصدیق نہیں ہوئی کہ انڈرائیڈ فونز کی ایپ میں بھی یہ ہو رہا ہے یا نہیں۔