بھارت کشمیر کو ہڑپ کرنے کی گھناﺅنی سازش میں مصروف ہے:صدر آزاد کشمیر

راولپنڈی 21 فروری ( ) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہ صرف مظالم کی انتہا کر دی ہے بلکہ وہ مسئلہ کشمیر کوختم کرنے اور کشمیر کو ہڑپ کر نے کی گھناﺅنی سازش میں مصروف ہے۔
بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے اتوار کو راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم بھارت کی ان مکروہ سازشوں کو ناکام بنائیں گے اور اس میں پاکستان کے عوام بھی ہمارے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے پوری دنیا میں مقیم کشمیریوں پر زوردیا کہ وہ بھی اس پر اپنی بھرپور آواز بلند کریں۔ سلطان محمود چودھری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اس اہم اور فیصلہ کن موڑ پر ہماری اب یہ زیادہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کو عالمی فورمز پر بے نقاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 24 فروری کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے ڈی چوک تک کشمیر ریلی کا انعقاد کیا جائے گا اورمیں عوام سے اس ریلی میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتا ہوں۔
دریں اثناءوزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے سدھن تعلیمی کانفرنس کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ہمارے اسلاف نے ڈوگرہ حکمرانوں کے ظلم و ستم کے خلاف علم بغاوت بلند کیا اورگولیاں کھائیں، اپنی کھالیں اتروائیں اور جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ انہوں نے کہاکہ ان قربانیوں کی کوئی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی۔ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان، مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان، بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان اور کریلوی خاندان کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ ہم آج آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ قومیں مٹ جاتی ہیں جو اسلاف کی قربانیوں کو فراموش کر دیتی ہیں۔