ایل او سی کے آر پارسمیت دنیا بھر میں کشمیری کل بدھ کوبھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور منائیں گے مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال ہوگی دنیا بھر میں کشمیری بھارتی سفارتخانوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کریں گے سرینگر میں پوسٹر چسپاں: بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیا ہ کے طور پر منانے کی اپیل

سرینگر(کے پی این) لائن آف کنٹرول( ایل او سی ) کے آر پارسمیت دنیا بھر میں کشمیری کلبدھ کو بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور مناکر عالمی برادری پر ایک دفعہ یہ پھر واضح کردیں گے کہ کشمیر اپنے مادروطن جموں و کشمیرپر بھارت کے غیر قانونی قبضہ کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتے ہیں ، یوم سیاہ منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے ،اس روزمقبوضہ کشمیر میں ہڑتال ہوگی جبکہ آزاد کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری اقوام متحدہ کے دفاتر اوربھارتی سفارتخانوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کریں گے،جبکہ کشمیری یاداشتیں پیش کریں گے جن میں اقوام متحدہ اور بھارتی حکومت پر زوردیا جائے گا کہ وہ کشمیریوں سے کئے گئے اپنے وعدے پورا کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوںکے مطابق انہیں اپنا حق خود ارادیت دیں،علاوہ ازیں سرینگر اور دیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن میں لوگوں سے اپیل کی گی ہے کہ وہ بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔ یہ پوسٹر ” جموں وکشمیر صدائے مظلوم، جموں و کشمیر تحریک آزادی،جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ، جموں وکشمیر فریڈم موومنٹ، جموں و کشمیر حریت یوتھ فورم اور جموں و کشمیر جسٹس اینڈ پیس انی شیٹو ” کی طرف سے سرینگر اور دیگر علاقوںمیں دیواروں ، کھمبوں پر لگائے گئے ہیں۔ پوسٹروں میں لکھا ہے کہ اگر بھارت جمہوریت پر یقین رکھتا تو وہ کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت سے محروم نہ کرتا، وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے گناہ لوگوں کو قتل نہیں کرتا اور علاقے کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے اقدامات نہ کرتاہے