فلپائن میں بم دھماکے، خاتون خودکش بمبار سمیت 11 ہلاک ،درجنوں زخمی

فلپائن کے صوبہ سولو میں دو بم دھماکوں میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق فلپائن کی فوج کا کہنا ہےکہ صوبائی دارلحکومت مولو میں ہونے والے دھماکوں میں ایک خاتون خودکش بمبار بھی ہلاک ہوئی۔

فوج نے ابتدائی رپورٹس میں بتایا ہے کہ پہلا دھماکا دوپہر 12 بجے کے وقت ایک مصروف سڑک پر گروسری اسٹور کے باہر ہوا جب کہ اس کے ایک گھنٹے بعد 100 میٹر کے فاصلے پر دوسرا دھماکاہوا جس میں چرچ کو نشانہ بنایا گیا۔

دونوں دھماکوں میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں جن میں اکثریت پولیس اور فوج کے اہلکاروں کی ہے۔

فوج کا کہنا ہے کہ دھماکوں کی منصوبہ بندی منڈی سوادجان نے کی ہے جو کہ جنوری 2019 میں کیتھولک چرچ پر دھماکے میں بھی ملوث ہے۔

گزشتہ سال چرچ پر ہونے والے دھماکے میں 19 افراد ہلاک ہوئے تھے۔