پلوامہ میںمسلمانوں نے کشمیری پنڈت کی آخری رسومات ادا کردیں

سرینگر15مارچ() ایک ایسے وقت میں جب نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں فرقہ وارانہ انتشارپیداکرنے پر تلی ہوئی ہے، ضلع پلوامہ میں مسلمانوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا مثالی مظاہرہ کرتے ہوئے ایک کشمیری پنڈت کی آخری رسومات ادا کردیں۔
ضلع کے علاقے بٹہ پورہ واہی بگ میں70 سالہ کشمیری پنڈت پیارے لال پنڈت منگل کو انتقال کر گئے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ چونکہ پیارے لال کے خاندان کے چند ہی افراد یہاں موجود تھے، اس لئے اس کے مقامی دوستوں اور مسلم کمیونٹی کے ہمسایوں نے اس کی آخری رسومات ادا کرنے کی ذمہ داری اٹھائی۔ایک مقامی رہائشی جاوید احمد نے صحافیوںکو بتایا کہ مقامی مسلمانوں نے پیارے لال کی آخری رسومات کا اہتمام کیا اور ان کے اہلخانہ کے دکھ میں شریک ہوئے۔ انہوں نے اس کے تابوت کو کندھا دیا اور گائوں میں آخری رسومات کے لیے لکڑی کا بندوبست کیا۔محلے کے ایک ادھیڑ عمر شخص محمد رمضان نے بتایاکہ وہ ہم میں سے ہی ایک تھا۔ہم نے آخری رسومات کے لیے درکار ہر چیز کا بندوبست کر لیا۔انہوں نے کہاکہ وہ یہاں ہمارے ساتھ کئی سالوں سے رہ رہا تھا اور ہم ایک دوسرے کے ساتھ رہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ملحقہ علاقوں کے لوگ بھی سوگوار خاندان سے ہمدردی کے لیے ان کے گھر آئے۔پیارے لال کے رشتہ داروں نے بتایاکہ گائوں کے مسلمان ہمیشہ ضرورت کے وقت ان کی مدد کرتے ہیں اور وہ مذہبی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے۔