مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم اورگروپ20 کے اجلاس کے خلاف آزادکشمیر میں طلباء کے احتجاجی مظاہرے

مظفرآباد15مئی(کے پی این) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی طر ف سے جاری انسانی حقوق کی پامالیوں، نہتے شہریوں کی گرفتاریوں اور فوجی محاصروں کے خلاف آزادجموں وکشمیر میں ضلع باغ کے علاقوں مکھیالہ اور ارجہ میں طلباء اورطالبات نے احتجاجی مظاہرے کئے۔
پاسبان حریت کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہروں میں شریک طلباء نے آزادی اور شہدائے کشمیر کے حق میں نعرے لگائے۔طلباء ”بھارتی غاصبو جموں و کشمیر چھوڑ دو”،”جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے”، ”ہم چھین کے لیں گے آزادی”،” ہے حق ہمارا آزادی”اور”بائیکاٹ بائیکاٹ جی20 بائیکاٹ” کے نعرے لگا رہے تھے۔ طلباء نے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر گروپ 20کے رکن ممالک سے سرینگر اور لہہ کے اجلاسوںکا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ احتجاجی مظاہروں میں شامل طلباء سے چیئرمین پاسبان حریت عزیراحمدغزالی ، وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم،راجہ مہتاب اشرف خان، راجہ اخترحمیدخان ، راجہ محمد فاروق اور دیگر نے خطاب کیا۔