
جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے نائب امیر غلام نبی نوشہری کی اہلیہ انتقال کرگیئں۔
اسلام آباد ( کے پی این ) جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے نائب امیر و ر یلیف آرگنائزیشن فار کشمیری مسلمزکے چیرمین مولانا غلام نبی نوشہری کی اہلیہ محترمہ رضائے الہی سے وفات پا گئیں ۔جن کی نماز جنازہ آج بروز اتوار صبح 11بجے مسجد عبد اللہ بن عباس مرکزی دفتر جماعت اسلامی آزاد کشمیر نزد برما پل لہتراڑ روڈ پر اداکیا جائے گا۔مرحومہ کچھ عرصہ سے علیل تھیں اور ہفتہ کو مقامی ہسپتال میں انتقال کرگئیں ۔ تین عشرے قبل انہو ں نے اپنے شوہر کے ہمراہ مقبوضہ کشمیر سے آزاد کشمیرہحرت کی تھی اور اس وقت پی ڈبلیوڈی کالونی اسلام آباد میں مقیم تھیں ۔ وہ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد میں اپنے شوہر کے شانہ بشانہ شامل رہیں ۔مولانا غلام نبی نوشہری کی اہلیہ کے انتقال پر صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ، وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی ،حریت رہنمائوں ،سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی ، تحریک حریت کشمیر کے کنوینئر غلام محمد صفی ،چیف ایڈیٹر کشمیر پوسٹ الطاف احمد بٹ ، ایڈیٹر کیپٹل پوسٹ عقیل احمد ترین ،ایڈیٹر کشمیر پوسٹ محی الدین ڈار ، جوائنٹ ایڈیٹر راجہ بشیر عثمانی اور جملہ سٹاف نے جماعت اسلامی کے رہنما غلام نبی نوشہری کی اہلیہ کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند کرے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق دے ۔